عیدکی_رات_کےفضائل


Virtues of the night of Eid




عید کی رات کے فضائل

متکلم اسلام شیخ طریقت حضرت مولانا محمد الیاس گھمن حفظہ اللّٰه
🔹اس رات کی فضیلت پر چند روایات ملاحظہ ہوں:

[1] حضرت ابو امامہ باہلی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ و سلم نے ارشاد فرمایا:

مَنْ قَامَ لَيْلَتَىْ الْعِيدَيْنِ مُحْتَسِبًا لِلّٰهِ لَمْ يَمُتْ قَلْبُهُ يَوْمَ تَمُوتُ الْقُلُوبُ.

﴿سنن ابن ماجة: رقم الحدیث 1772﴾

ترجمہ:
جس شخص نے عید الفطر اور عید الاضحیٰ کی راتوں میں اجر و ثواب کی امید رکھتے ہوئے قیام کیا (یعنی عبادات سر انجام دیں) تو اس کا دل اس دن مردہ نہیں ہو گا جس دن سب کے دل مردہ ہو جائیں گے۔

[2] حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں:

خَمْسُ لَيَالٍ لَا تُرَدُّ فِيهِنَّ الدُّعَاءَ: لَيْلَةُ الْجُمُعَةِ، وَأَوَّلُ لَيْلَةٍ مِنْ
رَجَبٍ، وَلَيْلَةُ النِّصْفِ مِنْ شَعْبَانَ، وَلَيْلَتَيِ الْعِيدَيْنِ.

﴿مصنف عبد الرزاق : ج 4 ص 313 رقم الحدیث7927﴾

ترجمہ:
پانچ راتیں ایسی ہیں جن میں کی جانے والی دعا کو رد نہیں کیا جاتا:

ا... جمعہ کی رات
۲... رجب کی پہلی رات
٣... شعبان کی پندرہویں رات
۵،۴... عید الفطر اور عید الاضحیٰ کی دورا تیں

ان روایات اور دیگر کئی روایات کے پیش نظر
محدثین نے اس رات کی
عبادت کو خاص طور پر ذکر کیا ہے۔

علامہ محی الدین ابو زکریا یحییٰ بن شرف النووی (ت 676ھ) لکھتے ہیں:

اتفقوا على استحباب إحياء ليلتي العيدين وغير ذلك.

﴿شرح مسلم للنووی: ج 1 ص 372 کتاب الاعتكاف باب الاجتهاد في العشر الأواخر من شهر رمضان﴾

ترجمہ:
علمائے امت اس بات پر متفق ہیں کہ عیدین اور دیگر (بابرکت اور فضائل کی حامل) راتوں میں جاگنا مستحب ہے۔

اس رات کی اہمیت کے پیش نظر عبادات کو بجالایا جائے اور اگر عبادات بجانہ لاسکیں تو فسق فجور اور لایعنی کاموں میں پڑنے سے بہتر ہے کہ عشاء کی نماز مسجد میں جماعت سے ساتھ ادا کریں اور آرام کریں۔ صبح اٹھ کر تہجد کی نماز ادا کریں اور فجر کی نماز بھی باجماعت ادا کریں۔ اللہ تعالی سے امید ہے کہ پوری رات کی عبادت کا ثواب عنایت فرمائیں گے ۔ اس طریقے سے گناہوں سے حفاظت بھی رہے گی اور ثواب بھی ملے گا ان شاء اللہ ۔

🔹اس رات یہ کام کریں:

عید کی رات کو درج ذیل چند کام سر انجام دینے کی کو شش کرنی چاہیے:

1.نوافل پڑھنا
2.قرآن مجید کی تلاوت کرنا
3.صدقہ دینا
4.دعاؤں کا اہتمام کرنا
5.ذکر اللہ کرنا
6.اپنے گناہوں کی معافی مانگنا
7.امت مسلمہ کی بھلائی اور عافیت کی دعا کرنا
8.رشتہ داروں سے نیک سلوک کرنا
9.اگر کسی کی حق تلفی ہو گئی ہو تو اس سے معافی مانگنا
10.کسی نے ظلم زیادتی کی ہو تو اسے معاف کرنا

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے